ہاں دھیان سے سننا یہ صدی بول رہی ہے

فراق گورکھپوری


ہر عقدۂ تقدیرِ جہاں کھول رہی ہے
ہاں دھیان سے سننا یہ صدی بول رہی ہے
انگڑائیاں لیتی ہے تمنا تری دل میں
شیشے میں پری ناز کے پر تول رہی ہے
رہ رہ کے کھنک جاتی ہے ساقی یہ شب ماہ
اک جام پلا خنکی شب بول رہی ہے
دل تنگ ہے شب کو کفن نور پنہا کے
وہ صبح جو غنچوں کی گرہ کھول رہی ہے
شبنم کی دمک ہے کہ شب ماہ کی دیوی
موتی سر گلزار جہاں رول رہی ہے
رکھتی ہے مشیت حدِ پرواز جہاں بھی
انسان کی ہمت وہیں پر تول رہی ہے
پہلو میں شبِ تار کے ہے کون سی دنیا
جس کے لیے آغوش سحر کھول رہی ہے
ہر آن وہ رگ رگ میں چٹکتی ہوئی کلیاں
اس شوخ کی اک ایک ادا بول رہی ہے
مفعول مفاعیل مفاعیل فَعُولن
ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست