اے دل قفسِ جاں میں ذرا اور پھڑک لے

ناصر کاظمی


جب تک نہ لہو دیدۂانجم سے ٹپک لے
اے دل قفسِ جاں میں ذرا اور پھڑک لے
ذرے ہیں ہوس کے بھی زرِ نابِ وفا میں
ہاں جنسِ وفا کو بھی ذرا چھان پھٹک لے
پھر دیکھنا اس کے لبِ لعلیں کی ادائیں
یہ آتش خاموش ذرا اور دہک لے
گونگا ہے تو لب بستوں سے آدابِ سخن سیکھ
اندھا ہے تو ہم ظلم رسیدوں سے چمک لے
ناصر سے کہے کون کہ اللہ کے بندے
باقی ہے ابھی رات ذرا آنکھ چھپک لے
مفعول مفاعیل مفاعیل فَعُولن
ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست