رونق گلستاں میں نہ آئی کمی پھول آتے رہے پھول جاتے رہے

قمر جلالوی


فصلِ گلشن وہی فصلِ گلشن رہی لاکھ گلچیں ستم روز ڈھاتے رہے
رونق گلستاں میں نہ آئی کمی پھول آتے رہے پھول جاتے رہے
یوں نہ اہلِ محبت کو برباد کر ختم ہو جائیں گی حسن کی منتیں
کون پھر تیرے قدموں پہ رکھے گا سر ہم اگر تیرے ہاتھوں سے جاتے رہے
جرأتِ عشقِ گلشن ذرا دیکھئے سر پہ دیکھی بلا اور پرو نہ کی
برق ادھر آسماں پر چمکتی رہی ہم ادھر آشیانہ بناتے رہے
اف پسِ قتل وہ عالمِ بے کسی کوئی مصروفِ ماتم نہ گور و کفن
لاش جب تک مری رہگزر میں رہی راستہ چھوڑ کر لوگ جاتے رہے
ہجر کی رات ہے مانگئے یہ دعا ابر چھا جائے اندازۂ شب نہ ہو
اے قمر صبح دشوار ہو جائے گی یہ ستارے اگر جگمگاتے رہے
فہرست