اب تک آیا بھی نہیں تھا ابھی پیمانۂ لب

عرفان صدیقی


اک ہوا آئی کہ برہم ہوا مے خانۂ لب
اب تک آیا بھی نہیں تھا ابھی پیمانۂ لب
رات کی بات کوئی اس کے سوا یاد نہیں
قصۂ شب میں اگر سچ ہے تو افسانۂ لب
جسم سے روح تلک راہ نوردی کے لیے
ہو عنایت مرے ہونٹوں کو بھی پروانۂ لب
کاسۂ لب میں کہاں ڈھونڈ رہی ہو اس کو
ہم نے آنکھوں میں چھپا رکھا ہے دردانۂ لب
جنبشِ لب ہو تو نقدِ دل و جاں دیتے ہیں
ہم نئے باج گذاروں میں ہیں سلطانۂ لب
کچھ نہ کچھ حرفِ عنایت کا صلہ دیں تم کو
اذن ہو جائے تو حاضر کریں نذرانۂ لب
وہ تو یہ کہیے کہ اک نام سخن میں آیا
پھول کھلتے ہی کہاں تھے سرِ ویرانۂ لب
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست