ہڑپے کا ایک کتبہ

مجید امجد


بہتی راوی! ترے تٹ پر — کھیت اور پھول اور پھل
تین ہزار برس بوڑھی تہذیبوں کی چھل بل
دو بیلوں کی جیوٹ جوڑی، اک ہالی، اک ہل
سینۂ سنگ میں بسنے والے خداؤں کے فرمان
مٹی کاٹے ، مٹی چاٹے ، ہل کی انی کا مان
آگ میں جلتا پنجر ہالی، کاہے کو انسان
کون مٹائے اس کے ماتھے سے یہ دکھوں کی ریکھ
ہل کو کھینچنے والے جنوروں جیسے اس کے لیکھ
تپتی دھوپ میں تین بیل ہیں، تین بیل ہیں، دیکھ
 
فہرست