(پاکستان ایئر فورس کے لیے لکھا گیا سب سے پہلا قومی نغمہ) رئیس فروغؔ شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک سینوں میں صبر و ضبط و سکونِ و رضا کا نور چہروں پہ لطف و مہر و خلوص و وفا کا نور پیشانیوں پہ جذبۂ بے انتہا کا نور آنکھوں میں اعتماد و یقین خدا کا نور شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک ملت کو کر دیا ہے سرفراز مرحبا یہ حوصلہ یہ عزم یہ اعجاز مرحبا شاہیں بچوں کی جرات پرواز مرحبا کوئے بتاں میں گونج رہی ہے صدائے پاک شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک اپنے فضائیے کا ہے جاہ و جلال کیا گزرے ادھر سے سایۂ باطل سوال کیا پر بھی جو مار جائے کسی کی مجال کیا ہے پاک اور پاک رہے گی ہوائے پاک شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک امید کے نقوش نمایاں بنے ہوئے فتح و ظفر کے مہرِ درخشاں بنے ہوئے دن رات سرکشاں ہیں نگہباں بنے ہوئے طیارہ ہائے پاک سر قصہ ہائے پاک شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک