میرے سینے میں خس و خار ہیں کافی ساقی

عزیز حامد مدنی


تلخ تر اور ذرا بادۂ صافی ساقی
میرے سینے میں خس و خار ہیں کافی ساقی
ظلمت و نور کو پیالوں میں سمو دیتی ہے
شام پڑتے ہی تری چشم غلافی ساقی
زہر کا جام ہی دے زہر بھی ہے آبِ حیات
خشک سالی کی تو ہو جائے تلافی ساقی
نشۂ مے سے ذرا زخم کے ٹان کے ٹوٹے
تا ابد سلسلۂ سینہ شگافی ساقی
زندگانی کا مرض کم نہیں ہونے پاتا
یہ مرض کم نہ ہو اللہ ہے شافی ساقی
کاٹ دی گردشِ ایام کی زنجیر اس نے
کون ہے گردش مینا کے منافی ساقی
اک کف جو ہے متاع خرد و سکۂ ہوش
جامِ مے دے کہ یہ عالم ہے اضافی ساقی
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست