ہو چکا کر چکے ضرور معاف

نوح ناروی


وہ کریں گے مرا قصور معاف
ہو چکا کر چکے ضرور معاف
حسن کو بے قصور کہتے ہیں
ہے قصور آپ کا قصور معاف
میں نے یہ جان کر خطائیں کیں
ہر خطا ہو گی بالضرور معاف
وہ ہنسی آ گئی ترے لب پر
ہو گیا وہ مرا قصور معاف
بے خودی میں جو ہو خطا ہم سے
کم سے کم وہ تو ہو ضرور معاف
خامشی ان کی مجھ سے کہتی ہے
اب ہوا اب ہوا قصور معاف
پھر نہ تم بخشنا کبھی مجھ کو
پہلی تقصیر ہو ضرور معاف
ہاتھ بھی جوڑے پانو پر بھی گرا
اب تو کہہ دو کیا قصور معاف
ہے یہی کام اس کی رحمت کا
ہوں گے میرے گنہ ضرور معاف
اور عادت مری خراب ہوئی
کاش کرتے نہ وہ قصور معاف
خود یہ اقرار جرم کرتے ہیں
کیجیے نوحؔ کو ضرور معاف
فہرست