سپاہی کا مرثیہ

فیض احمد فیض


اٹھو اب ماٹی سے اٹھو
جاگو میرے لال،
اب جاگو میرے لال
تمری سیج سجاؤن کارن
دیکھو آئی رین اندھیارن
نیلے شال دو شالے لے کر
جن میں ان دکھین اکھین نے
ڈھیر کیے ہیں اتنے موتی
اتنے موتی جن کی جیوتی
دان سے تمرا
جگ جگ لاگا
نام چمکنے
اٹھو اب ماٹی سے اٹھو
جاگو میرے لال
اب جاگو میرے لال
گھر گھر بکھرا بھور کا کندن
گھور اندھیرا اپنا آنگن
جانے کب سے راہ تکے ہیں
بالی دلہنیا، بان کے ویرن
سونا تمرا راج پڑا ہے
دیکھو کتنا کاج پڑا ہے
بیری بیراجے راج سنگھاسن
تم ماٹی میں لال
اٹھو اب ماٹی سے اٹھو، جاگو میرے لال
ہٹ نہ کرو ماٹی سے اٹھو، جاگو میرے لال
اب جاگو میرے لال
 
فہرست