کس کو وہ دیکھتے ہیں کس پہ نظر ہوتی ہے

قمر جلالوی


اس تفکر میں سر بزمِ سحر ہوتی ہے
کس کو وہ دیکھتے ہیں کس پہ نظر ہوتی ہے
مسکرا کر مجھے یوں دیکھ کے دھوکا تو دو
جانتا ہوں جو محبت کی نظر ہوتی ہے
تم کیا چیز ہو کونین سمٹ آتے ہیں
ایک وہ بھی کشش ذوقِ نظر ہوتی ہے
آئینہ دیکھنے والے یہ خبر ہے تجھ کو
کبھی انسان پہ اپنی ہی نظر ہوتی ہے
تم مرے سامنے گیسو کو سنوارا نہ کرو
تم تو اٹھ جاتے ہو دنیا مرے سر ہوتی ہے
عشق میں وجہ تباہی نہیں ہوتا کوئی
اپنا دل ہوتا ہے یا اپنی نظر ہوتی ہے
نزع میں سامنے بیمار کے تم بھی آؤ
یہ وہ عالم ہے اک اک پہ نظر ہوتی ہے
دل تڑپتا ہے تو پھر جاتی ہے موت آنکھوں میں
کس غضب کی خلش تیرِ نظر ہوتی ہے
جان دے دیں گے کسی دامنِ صحرا میں قمر
مر گیا کون کہاں کس کو خبر ہوتی ہے
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست