ایک فوٹو

مجید امجد


لے کر نیلم جڑے تھال میں، نیل کمل کے پھول
کس شردھا سے کھڑا ہے تیرے چرنوں کے نزدیک
ٹھہری ٹھہری، گہری جھیل کا شیتل شیتل جل
پتلی، پیچاں بیلڑیوں کے جھرمٹ کے اوجھل
جھیل کنارے تو بیٹھی ہے ، اپنے آپ میں گم
تیرے پاؤں تلے ، پانی پر، نیلوفر کے پھول
جن پہ چھڑکنے آئی ہے البیلی رتوں کے روپ
تیتریوں کے پروں کی پیلی چادر اوڑھ کے دھوپ
نیلی جھیل، سجیلے پھول، البیلی رت اور تو
ایک تری یہ بھیجی ہوئی رنگیں تصویر اور میں
روشن کمرہ، جگمگ یادیں، نیر بہاتی چاہ
باہر کالی رات کی ساکت جھیل، سیاہ، اتھاہ
ایک کنارے جیون کی رتنار رتوں کے سنگ
تیرا سہانا دیس، برستی برف، کھنکتے ساز
ایک کنارے امرت پیتے ، جیتے جگوں کی اوٹ
میری آخری سانس کی دھیمی بے آواز آواز
 
فہرست