کچھ دن پہلے ۔۔۔

مجید امجد


کچھ دن پہلے کی بارش کے بعد… اب گیلی فضائیں سوکھ کے تڑخنے لگی ہیں
دھول کے ہلکے ہلکے آسمان جھکے ہوئے ہیں پانیوں پر جو
بھرے ہوئے ہیں دھان کی اک کیاری میں، پکی سڑک کے ساتھ ساتھ
سورج گرد کے پیچھے چھپا ہوا ہے
کیسا دن ہے
صرف اک ٹھنڈے سے جھونکے کی کمی ہے جس کا گزر ان آسمانوں میں ہے نہ
خیالوں میں
پکی سڑک پر صدہا پہیے گردش میں ہیں، کالے رزقوں کی سمت، آگ لگی آوازوں کے ساتھ
۔۔۔ اور
اک میں سوچتا ہوں، ہر سو، ہر شے پر، گرد کی تہہ کیوں ہے ، موت پر بھی
اور زندگی پر بھی۔۔۔
دل کہتا ہے :
شاید مینہ پھر بھی برسے گا
 
فہرست