نئے شہروں کی بنیاد

رئیس فروغؔ


ان کی بارگاہ میں
جنگل کے شیر
جا روب کشی کرتے ہیں
موت نے ان سے وعدہ کیا تھا
آگ نہیں جلا ئے گی
ساتویں نسل تک
لیکن میں ہوں
آٹھویں نسل میں
میں نے ان کی سفید خو شبو کو محسوس کیا ہے
ان کی دستار کا
ایک سرا مشرق میں گم ہے
ایک سرا ایک اور مشرق میں گم ہے
وہ سورج کے آگے آگے قبا پہن کر چلتے ہیں
ہم اپنی حدوں میں سمٹے ہوئے
انہیں دیکھتے ہیں
اور کہتے ہیں
نئے شہروں کی بنیاد وہی رکھتے ہیں
جو جنگل کے شیروں کو
جاروب کشی پر مامور کردیں
ہم تو
اپنے گھوڑوں کی گردن پر
باگ بھی نہیں چھوڑ سکتے
 
فہرست