زندگی سے روٹھ جانا چاہیے

جگر مراد آبادی


وہ جو روٹھیں یوں منانا چاہیے
زندگی سے روٹھ جانا چاہیے
ہمت قاتل بڑھانا چاہیے
زیر خنجر مسکرانا چاہیے
زندگی ہے نام جہد و جنگ کا
موت کیا ہے بھول جانا چاہیے
ہے انہیں دھوکوں سے دل کی زندگی
جو حسیں دھوکا ہو کھانا چاہیے
لذتیں ہیں دشمن اوجِ کمال
کلفتوں سے جی لگانا چاہیے
ان سے ملنے کو تو کیا کہیے جگرؔ
خود سے ملنے کو زمانا چاہیے
فاعِلاتن فاعِلاتن فاعِلن
رمل مسدس محذوف
فہرست