تری زلف کی گم شدہ وادیاں ہیں

عبدالحمید عدم


ستاروں کے آگے جو آبادیاں ہیں
تری زلف کی گم شدہ وادیاں ہیں
زمانہ بھی کیا رونقوں کی جگہ ہے
کہیں رونا دھونا کہیں شادیاں ہیں
تری کاکلیں ہی نہیں سبز پریاں
مری آرزوئیں بھی شہزادیاں ہیں
بڑی شے ہے وابستگی دو دلوں کی
یہ پابندیاں ہی تو آزادیاں ہیں
جہاں قدر ہے کچھ نہ کچھ آدمی کی
وہ کیا قابلِ قدر آبادیاں ہیں
یکایک نہ دل پھینکنا آنکھ والو
یہ سب آنکھ کی فتنہ ایجادیاں ہیں
غریبوں سے کیا کام آسائشوں کا
وہ اونچے گھرانوں کی شہزادیاں ہیں
عدمؔ صورتوں کی چمک پر نہ جانا
یہ سب آنکھ کی فتنہ ایجادیاں ہیں
جہاں بھی عدمؔ کوئی دلبر مکیں ہے
وہاں کتنی گنجان آبادیاں ہیں
فَعُولن فَعُولن فَعُولن فَعُولن
متقارب مثمن سالم
فہرست