روک لیتی ہے ہمیں آب و ہوائے دریا

عرفان صدیقی


خیمہ کرتے نہیں ہم لوگ ورائے دریا
روک لیتی ہے ہمیں آب و ہوائے دریا
پھر سرشام وہی رنگِ تماشا ہو گا
موجِ خوں ہوتی ہے پھر راہ نمائے دریا
لشکروں سے کہیں رکتی ہے روانی اس کی
سر سے گزرے گا ابھی سیل بلائے دریا
ایک رخ اور بھی ہے پانی کی طغیانی کا
دشت جل جاتے ہیں جب کھیل دکھائے دریا
جانے اس خاک جگرِ چاک پہ کیا گزری ہے
زخم ہے سینۂ گیتی پہ بجائے دریا
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست