ہماری خاک میں کوئی خرابی رہ گئی ہے

عرفان صدیقی


فلک پہ جاتی ہوئی ماہتابی رہ گئی ہے
ہماری خاک میں کوئی خرابی رہ گئی ہے
بس اب کے اس کی نگاہِ دگر پہ فیصلہ ہے
میں گم تو ہو چکا ہوں بازیابی رہ گئی ہے
چمک گیا تھا کبھی بندِ پیرہن اس کا
بدن سے لپٹی ہوئی بے حجابی رہ گئی ہے
غبارِ شب کے ادھر کچھ نہ کچھ تو ہے روشن
میں جاگتا ہوں ذرا نیم خوابی رہ گئی ہے
سمیٹنا ہی تو ہے ساز و برگ خانۂ دل
اس ایک کام میں اب کیا شتابی رہ گئی ہے
مفاعِلن فَعِلاتن مفاعِلن فِعْلن
مجتث مثمن مخبون محذوف مسکن
فہرست