بن کی چڑیا

مجید امجد


صبح سویرے بن کی چڑیا من کی بات بتائے
جنگل میں سرکنڈوں کی کونپل پر بیٹھی گائے
ننھی چونچ پہ چوں چر چوں چر چوں کی چونچل بانی
کرن کرن پر ناچ رہی ہے اس کے من کی کہانی
کیا گاتی ہے ؟ کیا کہتی ہے ؟ کون اس بھید کو کھولے ؟
جانے دور کے کس ان دیکھے دیس کی بولی بولے ؟
کون سنے ، ہاں کون سنے ، راگ اس کے راگ البیلے
سب کے سب بہرے ہیں، میداں، وادی، دریا، ٹیلے
ظالم تنہائی کا جادو ویرانوں پرکھیلے !
دور سرابوں کی جھلمل روحوں پر آگ انڈیلے !
نوک نوکِ خار کھلنڈرے ہرنوں کو کلپائے !
گانے والی چڑیا اپنا راگ الاپے جائے
 
فہرست