جانے اصلی صورت۔۔۔

مجید امجد


جانے اصلی صورت کیا ہو، ذہن کی اس اک روکی
جس کے ساتھ بہا کی میری سوچ اور میری عمر اور میری دنیا
بہتے بہتے یوں تو جب بھی دیکھا، میرا دل اک وہ قوت تھی
جس کے آگے پہاڑ بھی تنکا تھے ، یہ سب کچھ تو تھا
لیکن سدا یہی میں سمجھا
اک یہ دراڑ جو میرے پیہِ دماغ میں ہے ، کون اس کو پھلانگ سکے گا
اک یہ دراڑ کہ جس کے ادھر ٹھٹک کر رہ جاتے ہیں سارے خیال اور سارے ارادے
جس کے ادھر میری ذلت ہے
جس کے ادھر میں اک بے بس قوت ہوں
اک یہ دراڑ کہ جس کے ورے وہ مقدس آگ ہے جس کی لو میں کلیوں کی برکھا ہے
اک یہ دراڑ جو میرے پیہِ دماغ میں ہے ، کب اس کو پاٹ سکوں گا
اپنی حدوں کی حد سے آگے کب یہ قدم اٹھے گا
آگے ، جہاں وہ سرشاری ہے جس کی کشید بھی اس میرے ہی ذہن میں ہوتی ہے
 
فہرست