پتھر کے پیرہن سے سراپا نکالیے

شکیب جلالی


رعنائی نگاہ کو قالب میں ڈھالیے
پتھر کے پیرہن سے سراپا نکالیے
گزرا ہے دل سے جو رمِ آہو سا اک خیال
لازم ہے اس کے پاؤں میں زنجیر ڈالیے
دل میں پرائے درد کی اک ٹیس بھی نہیں
تخلیق کی لگن ہے تو زخموں کو پالیے
یہ کہر کا ہجوم درِ دل پہ تابہ کے
بام یقیں سے ایک نظر اس پہ ڈالیے
احساس میں رچائیے قوسِ قزح کے رنگ
ادراک کی کمند ستاروں پہ ڈالیے
ہاں کوزہ ہائے گل پہ ہے تنقید کیا ضرور
گرہو سکے تو خاک سے خورشید ڈھالیے
امید کی کرن ہو کہیں حسرتوں کے داغ
ہر دم نگار خانۂ دل کو اجالئے
شاید کہ ان کی سمت بڑھے کوئی دستِ شوق
روندے ہوئے گلاب فضا میں اچھالیے
ہاں کوہِ شب کو کاٹ کے لانا ہے جوئے نور
ہاں بڑھ کے آفتاب کا تیشہ سنبھالیے
وجدان کی ترنگ کا مصرف بھی ہو شکیبؔ
شاعر کی عظمتوں کو ہنسی میں نہ ٹالیے
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست