میری بستی کسی صحرا میں بسادی گئی کیا

عرفان صدیقی


وہ جو اک شرط تھی وحشت کی اٹھا دی گئی کیا
میری بستی کسی صحرا میں بسادی گئی کیا
وہی لہجہ ہے مگر یار ترے لفظوں میں
پہلے اک آگ سی جلتی تھی‘ بجھا دی گئی کیا
جو بڑھی تھی کہ کہیں مجھ کو بہا کر لے جائے
میں یہیں ہوں تو وہی موج بہادی گئی کیا
پاؤں میں خاک کی زنجیر بھلی لگنے لگی
پھر مری قید کی میعاد بڑھادی گئی کیا
دیر سے پہنچے ہیں ہم دور سے آئے ہوئے لوگ
شہر خاموش ہے ‘ سب خاک اڑا دی گئی کیا
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست