میں ان سے دور، وہ میرے قریب، کیا کہنا

مجید امجد


جنونِ عشق کی رسمِ عجیب، کیا کہنا
میں ان سے دور، وہ میرے قریب، کیا کہنا
یہ تیرگیِ مسلسل میں ایک وقفۂ نور
یہ زندگی کا طلسمِ عجیب، کیا کہنا
جو تم ہو برقِ نشیمن، تو میں نشیمنِ برق
الجھ پڑے ہیں ہمارے نصیب، کیا کہنا
ہجومِ رنگ فراواں سہی مگر پھر بھی
بہار نوحہ صد عندلیب، کیا کہنا
ہزار قافلۂ زندگی کی تیرہ شبی
یہ روشنی سی افق کے قریب، کیا کہنا
گزر گئی تری لو میرے ڈگمگانے سے
چراغ گوشہ کوئے حبیب، کیا کہنا
مفاعِلن فَعِلاتن مفاعِلن فِعْلن
مجتث مثمن مخبون محذوف مسکن
فہرست