لیلیٰ مجنوں کی مثالوں پہ ہنسی آتی ہے

سدرشن فاکر


اہل الفت کے حوالوں پہ ہنسی آتی ہے
لیلیٰ مجنوں کی مثالوں پہ ہنسی آتی ہے
جب بھی تکمیل محبت کا خیال آتا ہے
مجھ کو اپنے ہی خیالوں پہ ہنسی آتی ہے
لوگ اپنے لیے اوروں میں وفا ڈھونڈتے ہیں
ان وفا ڈھونڈنے والوں پہ ہنسی آتی ہے
دیکھنے والو تبسم کو کرم مت سمجھو
انہیں تو دیکھنے والوں پہ ہنسی آتی ہے
چاندنی رات محبت میں حسیں تھی فاکرؔ
اب تو بیمار اجالوں پہ ہنسی آتی ہے
فہرست