ہم یہ اپنا نشان چھوڑ گئے

مصحفی غلام ہمدانی


غمِ دل کا بیان چھوڑ گئے
ہم یہ اپنا نشان چھوڑ گئے
تری دہشت سے باغ میں صیاد
مرغ سب آشیان چھوڑ گئے
راہ میں مجھ کو ہمرہاں میرے
جان کو ناتوان چھوڑ گئے
نفرت آئی سگ و ہما کو کیا
جو مرے استخوان چھوڑ گئے
چلتے چلتے بھی یہ جفا کیشاں
ہاتھ مجھ پر ندان چھوڑ گئے
کسی در پر انہوں کو جا نہ ملی
جو ترا آستان چھوڑ گئے
سفر اس دل سے کر گئے غم و درد
یار سونا مکان چھوڑ گئے
صفحۂِ روزگار پر لکھ لکھ
عشق کی داستان چھوڑ گئے
لے گئے سب بدن زمیں میں ہم
مصحفیؔ اک زبان چھوڑ گئے
فاعِلاتن مفاعِلن فِعْلن
خفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع
فہرست