نگاہِ شوق جب تصویر ان کی کھینچ لائی ہے

قمر جلالوی


انہیں پردے کی اب سوجھی ہے اب صورت چھپائی ہے
نگاہِ شوق جب تصویر ان کی کھینچ لائی ہے
وہ یکتا حسن میں ہو کر کہیں آگے نہ بڑھ جائیں
خدا بننے میں کیا ہے جب کہ قبضہ میں خدائی ہے
خبر بھی ہے زمانہ اب سلامت رہ نہیں سکتا
جوانی تجھ پہ او ظالم قیامت بن کے آئی ہے
یہی دن تھے یہی عالم تھا بجلی ٹوٹ پڑنے کا
چمن کی خیر ہو یا رب ہنسی پھولوں کو آئی ہے
ہمارا آشیاں دیکھو بلندیِ فلک دیکھو
کہاں سے چار تنکے پھونکنے کو برق آئی ہے
یہاں تک پڑ چکے ہیں وقت مایوسِ تمنا پر
تری تصویر کو رودادِ شامِ غم سنائی ہے
اڑا لے ہم غریبوں کا مذاق آخر کو زر والے
ترے رونے پہ اے شبنم ہنسی پھولوں کو آئی ہے
تم اپنا حسن دیکھو اپنی فطرت پہ نظر ڈالو
گریباں دیکھ کر کہتے ہو کیا صورت بنائی ہے
قمر ان کو تو مستحکم ہے وعدہ شب کو آنے کا
نہ جانے کیوں اداسی شام سے تاروں پہ چھائی ہے
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن
ہزج مثمن سالم
فہرست