حاجت روا ہو خاتم حیدر کا واسطہ

عرفان صدیقی


دریا عطا ہو ساقی کوثر کا واسطہ
حاجت روا ہو خاتم حیدر کا واسطہ
اہلِ وفا سے شہر و بیاباں بسے رہیں
آل عبا کے اجڑے ہوئے گھر کا واسطہ
کوئی کنیز اہلِ حرم بے ردا نہ ہو
ان پاک بیبیوں کے کھلے سر کا واسطہ
روشن رہے گھروں میں چراغ غم حسین
جلتے ہوئے خیام کے منظر کا واسطہ
دنیا میں حرفِ حق کا علم سرنگوں نہ ہو
بازو بریدہ مرد دلاور کا واسطہ
مولا ہمارے سینوں سے کھینچیں سنان خوف
نوک سنان سینۂ اکبر کا واسطہ
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست