یا ہم نہ ہوں جہاں میں خدا یا جہاں نہ ہو

مصطفٰی خان شیفتہ


ہے بد بلا کسی کو غمِ جاوداں نہ ہو
یا ہم نہ ہوں جہاں میں خدا یا جہاں نہ ہو
آئین اہلِ عشق کہاں اور ہم کہاں
اے آہ شعلہ بار نہ ہو خوں چکاں نہ ہو
فعل حکیم عین صلاح و صواب ہے
ساقی اگر شراب نہ دے سرگراں نہ ہو
تدبیر ترک دشمنِ جاں کی ہے رات دن
کس طرح پھر مجھے گلۂِ دوستاں نہ ہو
کیا وہ متاع جس کی نہ ہو کوئی گھات میں
ڈرتا ہوں میں جو دزد پسِ کارواں نہ ہو
جب تک فروغ مے سے نہ ہو سینہ نورزار
ہرگز حریفِ مے کدہ اسرارداں نہ ہو
لازم ہے یار بھی تو ہو بیتاب ورنہ کیا
وہ عشق ہے کہ رنج یہاں ہو وہاں نہ ہو
ناحق وہ جی جلاتے ہیں سودائے عشقِ پر
جن کو یہ سوچ ہے کہ کچھ اس میں زیاں نہ ہو
ہم بوئے دوست تجھ کو سنگھائیں گے شیفتہؔ
محو شمیم طرۂِ عنبر فشاں نہ ہو
فہرست