جلوہ گر خواب میں رہنے لگی تصویرِ بہار

یگانہ چنگیزی


دیتی ہے وحشتِ دل پھر مجھے تعبیر بہار
جلوہ گر خواب میں رہنے لگی تصویرِ بہار
سلسلہ چھڑ گیا پھر دل کی گرفتاری کا
پھر نسیم آج ہلانے لگی زنجیر بہار
حسن اور عشق کی دنیا میں پڑے گی ہلچل
فتنہ انگیز و جنوں خیز ہے تاثیر بہار
تنگ آنے لگے دیوانے گریبانوں سے
کچھ تو اے دستِ جنوں چاہیے تدبیر بہار
دوڑی جاتی ہے گھٹا سوئے چمن بادہ کشو
پردۂ غیب سے ہونے لگی تدبیر بہار
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فَعِلن
رمل مثمن سالم مخبون محذوف
فہرست