تمہیں جیت ہو گی ہمیں مات ہو گی

عبدالحمید عدم


سوا اس کے کیا دوسری بات ہو گی
تمہیں جیت ہو گی ہمیں مات ہو گی
اثر ہے تو یک لخت ہو گا نمایاں
کشش ہے تو فوراً ملاقات ہو گی
مرے دوستوں کی دل آزاریوں میں
مری بہتری کی کوئی بات ہو گی
تری زلف اعلان فرما رہی ہے
بڑی موسلا دھار برسات ہو گی
عدم عمرِ رفتہ نے جانا کہاں ہے
وہ بیٹھی قریب خرابات ہو گی
فَعُولن فَعُولن فَعُولن فَعُولن
متقارب مثمن سالم
فہرست