یہ وہیں ہیں لوگ شاید جو فریب کھا گئے ہیں

قمر جلالوی


سرِ شام تجھ سے ملنے ترے در پہ آ گئے ہیں
یہ وہیں ہیں لوگ شاید جو فریب کھا گئے ہیں
میں اگر قفس سے چھوٹا تو چلے گی باغباں سے
جہاں میرا آشیاں تھا وہاں پھول آ گئے ہیں
کوئی ان سے جا کہ کہہ دے سرِ بام پھر تجلی
جنہیں کر چکے ہو بے خود انہیں ہوش آ گئے ہیں
یہ پتہ بتا رہے ہیں رہِ عشق کے بگولے
کہ ہزاروں تم سے پہلے یہاں خاک اڑا گئے ہیں
شبِ ہجر شمع گل ہے مجھے اس سے کیا تعلق
قمر آسماں کے تارے کہاں منہ چھپا گئے ہیں
فَعِلات فاعِلاتن فَعِلات فاعِلاتن
رمل مثمن مشکول
فہرست