باللہ بھولا واللہ بھولا

حیدر علی آتش


تیری جو یاد اے دل خواہ بھولا
باللہ بھولا واللہ بھولا
فرقت کی شب میں جاں سوزِ دل نے
اف اف کیا جو آہ آہ بھولا
کج رکھ نہ پا کو جا دل سے غافل
پھیر اس نے کھایا جو راہ بھولا
زنار ڈالا تسبیح پھیکی
عشق صنم میں اللہ بھولا
خور نے گرایا اس کو نظر سے
جو ذرہ تیری درگاہ بھولا
زلف رسا کو سمجھا جو افعی
چوکا وہ قصر کوتاہ بھولا
دیکھے سے تیرا روئے منور
ہم مہر بھولا ہم ماہ بھولا
محروم رکھا ساقی نے ہم کو
اپنے گدا کو جم جاہ بھولا
بت خانہ چھوڑا باز آئے بت سے
وہ شہر بھولا وہ شاہ بھولا
شرطِ وفا کی کس بے وفا سے
آتشؔ سا عارف آگاہ بھولا
فہرست