کرم لا جواب نے مارا

جگر مراد آبادی


ستم کام یاب نے مارا
کرم لا جواب نے مارا
خود ہوئی گم ہمیں بھی کھو بیٹھی
نگہ بازیاب نے مارا
زندگی تھی حجاب کے دم تک
برہمی حجاب نے مارا
عشق کے ہر سکون آخر کو
حسن کے اضطراب نے مارا
خود نظر بن گئی حجاب نظر
ہائے اس بے حجاب نے مارا
میں ترا عکس ہوں کہ تو میرا
اس سوال و جواب نے مارا
کوئی پوچھے کہ رہ کے پہلو میں
تیر کیا اضطراب نے مارا
بچ رہا جو تری تجلی سے
اس کو تیرے حجاب نے مارا
اب نظر کو کہیں قرار نہیں
کاوش انتخاب نے مارا
سب کو مارا جگرؔ کے شعروں نے
اور جگرؔ کو شراب نے مارا
فاعِلاتن مفاعِلن فِعْلن
خفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع
فہرست