تم خود ہی منانے آؤ گے سرکار وہ دن بھی دور نہیں

قمر جلالوی


کیوں روٹھ کے مجھ سے کہتے ہو ملنا تجھ سے منظور نہیں
تم خود ہی منانے آؤ گے سرکار وہ دن بھی دور نہیں
تم روز جفا و جور کرو، نالے نہ سنو، تسکین نہ دو
ہم اس دنیا میں رہتے ہیں شکووں کا جہاں دستور نہیں
واپس جانا معیوب سا ہے جب میت کے ساتھ آئے ہو
دو چار قدم کی بات ہے بس، ایسی کوئی منزل دور نہیں
آزاد ہیں ہم تو اے زاہد ارمان و تمنا کیا جانیں
جنت کا تصور کون کرے جب دل میں خیالِ حور نہیں
میں شام سے لے جر تا بہ سحر دل میں یہ کہتا رہتا ہوں
ہے چاند بے شک نورِ قمر لیکن ان کا سا نور نہیں
فعلن فعلن فعلن فعلن فعلن فعلن فعلن فعلن
بحرِ زمزمہ/ متدارک مثمن مضاعف
فہرست