تو دلبرانِ غزل خط و خال سے بھی گئے

عرفان صدیقی


ہم اہلِ شعر جو حسنِ خیال سے بھی گئے
تو دلبرانِ غزل خط و خال سے بھی گئے
بچھڑ گئے کہیں رستے میں ہم سفر موسم
گئے دنوں کے تعاقب میں حال سے بھی گئے
وہ کہہ گیا ہے پھر آئیں گے ہم، اداس نہ ہو
تو ہم خوشی سے بھی چھوٹے ، ملال سے بھی گئے
وہاں بھی اس کے سوا اور کچھ نصیب نہ تھا
ختن سے نکلے تو چشمِ غزال سے بھی گئے
وہ ہونٹ پندگروں کو بھی کر گئے خاموش
غریب مشغلۂ قیل و قال سے بھی گئے
مفاعِلن فَعِلاتن مفاعِلن فِعْلن
مجتث مثمن مخبون محذوف مسکن
فہرست