بیٹھو نہ ذبحِ کرنے کو منہ پھیر کر مجھے

قمر جلالوی


آخر ہے وقت دیکھ لو بھر کر نظر مجھے
بیٹھو نہ ذبحِ کرنے کو منہ پھیر کر مجھے
کوسوں دکھائی دیتی نہیں رہگزر مجھے
لے جا رہی ہے آج یہ وحشت کدھر مجھے
ایسا بھی ایک وقت پڑا تھا شبِ الم
حسرت سے دیکھنے لگے دیوار و در مجھے
اے ہم قفس نہ مانگ دعائیں بہار کی
آتے نہیں ہیں راس مرے بال و پر مجھے
عذرِ گناہ حشر میں اور میرے سامنے
انکارِ قتل کیجیے پہچان کر مجھے
تعریف حسن کی جو کبھی ان کے سامنے
بولے کہ لگ نہ جائے تمھاری نظر مجھے
لی دی سی اک نگاہ ستاروں پہ ڈال کہ
شرما گئے کہ دیکھ رہا ہے قمر مجھے
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست