گم شدہ تیرو، کسی سر کی طرف لوٹ چلو

عرفان صدیقی


اپنے بھولے ہوئے منظر کی طرف لوٹ چلو
گم شدہ تیرو، کسی سر کی طرف لوٹ چلو
تم پرندوں سے زیادہ تو نہیں ہو آزاد
شام ہونے کو ہے ، اب گھر کی طرف لوٹ چلو
اس سے بچھڑے تو تمہیں کوئی نہ پہچانے گا
تم تو پرچھائیں ہو، پیکر کی طرف لوٹ چلو
ریت کی ہمسفری صرف کناروں تک ہے
اجنبی موجو، سمندر کی طرف لوٹ چلو
کتنے بے مہر ہیں اس شہر کے قاتل عرفانؔ
پھر اسی کوچۂ دلبر کی طرف لوٹ چلو
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست