تنہا نہیں ہیں وہ کہ خدا ان کے ساتھ ہے

عرفان صدیقی


حق ان کے ساتھ حق کی رضا ان کے ساتھ ہے
تنہا نہیں ہیں وہ کہ خدا ان کے ساتھ ہے
گل کر دیے ہیں دستِ جفا نے جہاں چراغ
ان راستوں میں شمعِ وفا ان کے ساتھ ہے
حر آ رہے ہیں شمر سے شبیر کی طرف
اس معرکے میں بختِ رسا ان کے ساتھ ہے
کرتے ہیں اہلِ صبر و رضا اپنی صف درست
دل مطمئن ہیں قبلہ نما ان کے ساتھ ہے
پیاسا نہ جان ان کو تو اے نہر کم نصیب
راہِ وفا میں آب بقا ان کے ساتھ ہے
ان کو سفر میں باد ستم گر کا ڈر نہیں
شہر نبی کی موجِ صبا ان کے ساتھ ہے
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست