کشتیاں کس کی ہیں‘ سفاک ہوا کس کی ہے

عرفان صدیقی


بادبانوں کی طرف دیکھنے والا میں کون
کشتیاں کس کی ہیں‘ سفاک ہوا کس کی ہے
کس نے اس ریت پہ گلبرگ بچھا رکھے ہیں
یہ زمیں کس کی ہے ‘ یہ موجِ صبا کس کی ہے
کس نے بھیجا ہے غبار شبِ ہجرت ہم کو
کیا خبر اپنے سروں پر یہ ردا کس کی ہے
کون بجھتے ہوئے منظر میں جلاتا ہے چراغ
سرمئی شام، یہ تحریرِ حنا کس کی ہے
کیسے آشوب میں زندہ ہے مرادوں کی طرح
جانے بھاگوں بھری بستی پہ دعا کس کی ہے
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست