کچھ بھی تجھے شعور ہے آرام اور عشق

انشاء اللہ خان انشا


ناداں کہاں طرب کا سرانجام اور عشق
کچھ بھی تجھے شعور ہے آرام اور عشق
لینے نہ دیویں گے مجھے ٹک چین جیتے جی
دشمن یہ دونو گردشِ ایام اور عشق
یاں غش ہیں شوق طوف ہیں یاران کعبہ کو
اے نامہ بر تو کہیو یہ پیغام اور عشق
کیا نام لے کے اس کا پکارا کروں کہ یاں
رکھتا ہے ہر زبان میں اک نام اور عشق
پوچھا کسی نے قیس سے تو ہے محمدی
بولا وہ بھر کے آہ کہ اسلام اور عشق
اسبابِ کائنات سے بس ہو کے بے نوا
انشاؔ نے انتخاب کیا جام اور عشق
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست