یہ مے ہے خودکشید اسے مسکرا کے پی

حفیظ جالندھری


ان تلخ آنسوؤں کو نہ یوں منہ بنا کے پی
یہ مے ہے خودکشید اسے مسکرا کے پی
اتریں گے کس کے حلق سے یہ دل خراش گھونٹ
کس کو پیام دوں کہ مرے ساتھ آ کے پی
مشروب جم ہی تلخی غم کا علاج ہے
شیرینی کلام ذرا سی ملا کے پی
واعظ کی اب نہ مان اگر جان ہے عزیز
اس دور میں یہ چیز بہ طور اک دوا کے پی
بھر لے پیالہ خم کدۂ زیست سے حفیظؔ
خونِ جگر ہے سامنے چل کر خدا کے پی
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست