آندھی میں سیر ارض و سماء پر نہ جائیے

عرفان صدیقی


جب بال و پر نہیں ہیں تو ہوا پر نہ جائیے
آندھی میں سیر ارض و سماء پر نہ جائیے
کیا شان دار لوگ ہیں دامن دریدہ لوگ
دل دیکھئے حضور، قبا پر نہ جائیے
کیجے نہ ریگ زار میں پھولوں کا انتظار
مٹی ہے اصل چیز، گھٹا پر نہ جائیے
کچھ اور کہہ رہا ہوں غزل کے حوالے سے
مطلب سمجھیے ، طرزِ ادا پر نہ جائیے
آخر تو فیصلہ سرِ مقتل اسی کا ہے
اس انتظام جرم و سزا پر نہ جائیے
دنیا میں اور بھی تو اشارے سفر کے ہیں
ہر بار اپنے دل کی صدا پر نہ جائیے
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست