ایسا بھی ترے حسن کا عالم نہ ہوا تھا

فانی بدایونی


یوں نظم جہاں درہم و برہم نہ ہوا تھا
ایسا بھی ترے حسن کا عالم نہ ہوا تھا
پھر چھیڑ دیا وسعت محشر کی فضا نے
سودا ترے وحشی کا ابھی کم نہ ہوا تھا
یا عشرت دو روزہ تھا یا حسرت دیروز
وہ لمحۂ ہستی جو ابھی غم نہ ہوا تھا
صد حیف وہ گل ہو کفِ گلچیں میں جو اب تک
آزردۂ آویزش شبنم نہ ہوا تھا
قاتل ہی مرا کیوں اسے کہتا ہے زمانہ
مانا وہ شریک صفِ ماتم نہ ہوا تھا
راز آج مرے دم سے ہوا رازِ محبت
کچھ راز نہ تھا جب کوئی محرم نہ ہوا تھا
پاتے ہی خجل رحم کا دریا امڈ آیا
پردہ مری آنکھوں کا ابھی نم نہ ہوا تھا
رسوا نہ کر اس سوز کو اے شمع لبِ گور
جو واقف دل سوزی ہمدم نہ ہوا تھا
گھر خیر سے تقدیر نے ویرانہ بنایا
سامان جنوں مجھ سے فراہم نہ ہوا تھا
اک کفرِ سراپا نے کیا حشر کا قائل
میں معتقد حشر مجسم نہ ہوا تھا
ہر دل میں نئی شان تجلی ہے کہ فانیؔ
نشتر ہے وہ انداز جو مرہم نہ ہوا تھا
مفعول مفاعیل مفاعیل فَعُولن
ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست