لیکن شفا کو گردشِ تقدیر شرط ہے

مرزا رفیع سودا


تجھ عشق کے مریض کی تدبیر شرط ہے
لیکن شفا کو گردشِ تقدیر شرط ہے
سودائی دل کو زلفِ گرہ گیر شرط ہے
دیوانے کے علاج میں زنجیر شرط ہے
نالے تو میں بہت کیے اس بت کے سامنے
پتھر کے نرم کرنے کو تاثیر شرط ہے
ہو خاک راہِ عشق میں تا قدر ہو تری
مس کے طلا بنانے کو اکسیر شرط ہے
کافی ہے اک اشارۂ ابرو ترا ہمیں
کچھ عاشقوں کے قتل کو شمشیر شرط ہے
دل کی شکست و ریخت کی میرے تو لے خبر
ہر گھر کی دیر پائی کو تعمیر شرط ہے
کرتا ہے کس گنہ پہ عقوبت ہمیں تو یار
تعزیر کے تو واسطے تقصیر شرط ہے
سوداؔ میں اس چمن میں ہوں جوں غنچہ دل گرفت
ماتم سرا میں صورت دلگیر شرط ہے
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست