جمع ہیں تیرے خریدار ترے کوچے میں

امام بخش ناسخ


زور ہے گرمیِ بازار ترے کوچے میں
جمع ہیں تیرے خریدار ترے کوچے میں
دیکھ کر تجھ کو قدم اٹھ نہیں سکتا اپنا
بن گئے صورتِ دیوار ترے کوچے میں
پاؤں پھیلائے زمیں پر میں پڑا رہتا ہوں
صورت سایۂ دیوار ترے کوچے میں
گو تو ملتا نہیں پر دل کے تقاضے سے ہم
روز ہو آتے ہیں سو بار ترے کوچے میں
ایک ہم ہیں کہ قدم رکھ نہیں سکتے ورنہ
اینڈتے پھرتے ہیں اغیار ترے کوچے میں
پاسبانوں کی طرح راتوں کو بے تابی سے
نالے کرتے ہیں ہم اے یار ترے کوچے میں
آرزو ہے جو مروں میں تو یہیں دفن بھی ہوں
ہے جگہ تھوڑی سی درکار ترے کوچے میں
گر یہی ہیں ترے ابرو کے اشارے قاتل
آج کل چلتی ہے تلوار ترے کوچے میں
حالِ دل کہنے کا ناسخؔ جو نہیں پاتا بار
پھینک جاتا ہے وہ اشعار ترے کوچے میں
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فہرست