ورنہ جگر کو روئے گا تو دھر کے سر پہ ہاتھ

شیخ ابراہیم ذوق


اے ذوقؔ وقت نالے کے رکھ لے جگر پہ ہاتھ
ورنہ جگر کو روئے گا تو دھر کے سر پہ ہاتھ
چھوڑا نہ دل میں صبر نہ آرام نے قرار
تیری نگہ نے صاف کیا گھر کے گھر پہ ہاتھ
کھائے ہے اس مزے سے غمِ عشق میرا دل
جیسے گرسنہ مارے ہے حلوائے تر پہ ہاتھ
خط دے کے چاہتا تھا زبانی بھی کچھ کہے
رکھا مگر کسی نے دل نامہ بر پہ ہاتھ
جوں پنج شاخہ تو نہ جلا انگلیاں طبیب
رکھ رکھ کے نبض عاشق تفتہ جگر پہ ہاتھ
قاتل یہ کیا ستم ہے کہ اٹھتا نہیں کبھی
آ کر مزار کشتۂِ تیغ نظر پہ ہاتھ
میں ناتواں ہوں خاک کا پروانے کی غبار
اٹھتا ہوں رکھ کے دوشِ نسیمِ سحر پہ ہاتھ
اے شمع ایک چور ہے بادی یہ بادِ صبح
مارے ہے کوئی دم میں ترے تاج زر پہ ہاتھ
اے ذوقؔ میں تو بیٹھ گیا دل کو تھام کر
اس ناز سے کھڑے تھے وہ رکھ کر کمر پہ ہاتھ
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
فہرست